کراچی، ضلع جنوبی 3 سب ڈویژنز میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

January 24, 2022

کراچی کے ضلع جنوبی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہوگیا، ڈپٹی کمشنر جنوبی نے 3 سب ڈویژنز میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا۔

ڈی سی ڈسٹرکٹ ساؤتھ نے 3سب ڈویژن گارڈن، صدر اور سول لائن میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، ان علاقوں میں عیدگاہ لین گلی نمبر 8 سے 11 کا علاقہ شامل ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیفنس سن سیٹ اسٹریٹ فیز2، نیول ہائیٹس، رومی اسٹریٹ کلفٹن، کلفٹن ٹاور ،مکی مسجد محمدیہ، اقبال لین ایل بلاک، بوٹ بیسن، خیابان شاہین اور بدر کے ایک گھر میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے۔

ان علاقوں کے رہائشیوں کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 195 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید8 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 833 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 53 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 105 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 74ہزار 800 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 70 ہزار 263 زیرِ علاج مریضوں میں سے 1 ہزار 113 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 69 ہزار 78 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 57 ہزار 401 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 45 لاکھ 90 ہزار 353 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 26 ہزار 899 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 741 ہو گئیں۔