پی آئی اے کے 53 منجمد اکاؤنٹس وزیر خزانہ کی مداخلت پر بحال

January 26, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پی آئی اے کے 53منجمد اکاؤنٹس وزیر خزانہ کی مداخلت پر بحال کردیئے۔ ترجمان پی آئی اے نے اکاؤنٹس بحال ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ ایف بی آر نے پی آئی اے کو 26 ارب روپے کا ٹیکس ڈیفالٹر قرار دیتے ہوئے پی آئی اے کے ملک بھر میں 53 بینک اکائونٹس منجمد کردیئے تھے ۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر کا پی آئی اے کے کھاتے منجمد کردیئے جانے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی ہدایت پر چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد اور سی ای او پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ایئرمارشل (ر) ارشد ملک کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے) کے منجمد اکاؤنٹس بحال کردیئے گئے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ذرائع کے مطابق کارروائی لارج ٹیکس پیئر یونٹ کراچی کی جانب سے کی گئی تھی۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق ٹیکس واجبات کی ریکوری کے لئے پی آئی اے کے بینک اکائونٹس سے 49 کروڑ 50 لاکھ روپے نکلوالئے گئے ہیں، پی آئی اے دسمبر 2020 سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے گوشوارے جمع نہیں کروارہی۔