ایف آئی اے کے دو سرکلز میں مقدمہ درج کرنے کا تنازع

April 27, 2024

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے کراچی کے دو سرکلز، اینٹی منی لانڈرنگ و سی ایف ٹی سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل میں جمعرات کو ہونے والے ایک چھاپے پر دائرہ اختیار کے حوالے سے تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی منی لانڈرنگ سیل کی ٹیم جس کی سربراہی سرکل سربراہ عبدالرؤوف شیخ کر رہے تھے، انہوں نے PECHS کے ایک بنگلے پر چھاپہ مارا اور وہاں سے غیر ملکی لینسز اور غیر ملکی ادویات کی بڑی تعداد قبضے میں لیں۔ جب سرکل میں ایک ملزم اور تمام ضبط شدہ سامان منتقل کر کے سب انسپکٹر ذیشان شیخ کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا تو اس پر مبینہ طور پر اختلاف ہو گیا اور ذیشان شیخ نے فوراً ہی اپنا تبادلہ کارپوریٹ کرائم سرکل کروا لیا کیونکہ مذکورہ کارروائی اے ایم ایل سرکل کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی تھی، لہٰذا اب یہ مقدمہ ٹرپل سی میں درج ہوگا۔ اس حوالے سے اے ایم ایل کے سربراہ عبدالرؤف شیخ کا کہنا تھا یہ درست ہے کہ مقدمہ ٹرپل سی میں درج ہوگا۔