کپل دیو کا کوہلی اور بی سی سی آئی کو اہم مشورہ

January 26, 2022

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے بی سی سی آئی اور ویرات کوہلی پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی کرکٹ کی بہتری کے لیے ایک ساتھ بیٹھیں، طویل گپ شپ کریں اور تمام تنازعات کو ختم کریں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل دیو نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بھارتی کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جب ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑی تو کسی نے سوچا کہ شاید اُن کے دماغ میں بہت کچھ ہے، جو کچھ ہم نے پڑھا اور سنا ہے، کوئی نہیں چاہتا تھا کہ کوہلی کپتانی چھوڑ دیں۔‘

کپل دیو نے کہا کہ ’ویرات کوہلی ایک لاجواب کھلاڑی ہے، ہمیں ان کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کوہلی اور بی سی سی آئی کو اپنے درمیان مسائل کو حل کرنا چاہیے تھا، فون اٹھائیں، ایک دوسرے سے بات کریں، ملک اور ٹیم کو اپنے سامنے رکھیں۔‘

سابق بھارتی کرکٹر نے اپنے کیرئیر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’شروع میں، مجھے بھی وہ سب کچھ مل گیا جو میں چاہتا تھا لیکن اگر کبھی آپ کو آپ کی خواہش کے مطابق کچھ نہ ملے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ آپ کپتانی چھوڑ دیں۔‘

کپل دیو نے مزید کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ کوہلی نے کپتانی کیوں چھوڑی لیکن وہ ایک شاندار کھلاڑی ہے اور میں کوہلی کو بہت زیادہ کھیلتے اور رنز بناتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں، خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں۔‘