اگلے 3 ماہ مہنگائی کم نہیں ہوگی، تنخواہ دار اور مڈل کلاس کی آمدنی بڑھائیں گے، شوکت ترین

January 27, 2022

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہاہے کہ معیشت میں پائیدار نمو‘برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے‘ رواں سال فصلوں کی پیداوارکا نیا ریکارڈقائم ہوگا‘اب ہمیں چینی اورگندم درآمد نہیں کرنا پڑے گی ‘مشینری درآمدات میں اضافہ سے آنےوالے دنوں میں مثبت اثرات ظاہرہوں گے‘.

ا سٹیٹ بینک نے شرح نمو کا تخمینہ 4 فیصد لگایا ہے جبکہ میرا اندازہ ہے کہ یہ 5فیصد سے زیادہ ہوگی‘ کورونا کی وجہ سے بہت سی مشکلات کا سامنا رہا، معیشت کی بہتری کے لیےآئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا.

حکومت پہلی بار گئی تو آئی ایم ایف نے سخت شرائط دیں‘تنخواہ دار طبقہ اورشہری مڈل ولوئرمڈل کلاس تکلیف میں ہے‘ان کی آمدن بڑھانے کے اقدامات کریں گے لیکن ہو سکتا ہے کہ اگلے دو تین ماہ قیمتیں نیچے نہ آئیں ‘پاکستان کی درخواست پرآئی ایم ایف انتظامی بورڈ کا اجلاس ملتوی ہواہے‘ سینیٹ سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل چند دنوں میں منظورہوجائیگا۔

اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے پچھلا سکور37 دیا تھا جس کو کسی جواز کے بغیر20 کردیا گیاہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل حکمران طبقہ کی کرپشن اورقانو ن کی حکمرانی کی بنیادپر رینکنگ کرتی ہے، ہمارا لیڈرعمران خان ہے، تین سالوں کی حکمرانی قوم کے سامنے ہیں ، ان کا موازنہ پچھے 10 برسوں میں آنے والے حکمرانوں سے کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے جب بھی دیکھا کہ کوئی اسکینڈل ڈویلپ ہورہاہے انہوں نے اسی وقت اس کا سدباب کیا اوراس میں اپنے ساتھیوں کوبھی نہیں چھوڑا ہے، گندم اورچینی اسکینڈل کی مثال ہمارے سامنے ہیں۔ بدھ کویہاں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس آئی ایم ایف کے پاس جانے کے علاوہ دوسرا راستہ نہیں تھا۔