ساہیوال: اسکول میں آگ لگنے کا مقدمہ درج کرلیاگیا

January 31, 2022

ساہیوال کے گاؤں 97 سکس آر میں بوائز ہائی اسکول میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمہ اسکول ہیڈ ماسٹر محمد اشرف کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے تالے توڑ کر اسکول کی لیبارٹری، پرنسپل روم اور اس سے ملحقہ کمروں کو آگ لگائی۔

ایف آئی آر کے مطابق آگ لگنے سے لیبارٹری میں رکھے 16 کمپیوٹر اور پرنسپل روم کا قیمتی سامان جل گیا۔ اسکول سے ضروری رکارڈ اور ڈی وی آر بھی غائب کر لیا گیا۔

پولیس نے اسکول چوکیدار نذیر کو حراست میں لےکرتفتیش شروع کردی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےساہیوال میں اسکول کو آگ لگانے کے واقعے پر آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر مزید کارروائی کی جائے۔