وہ وقت قریب ہے جب کشمیر و فلسطین آزاد ہوں گے، طاہر محمود اشرفی

February 01, 2022

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ وہ وقت قریب ہے جب کشمیر و فلسطین آزاد ہوں گے، چار فروری کو خطبات جمعہ میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 5 فروری کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارا متفقہ مسئلہ ہے، ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان نے او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں بھی مسئلہ کشمیر و فلسطین اٹھایا تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ 10روز سے کشمیری نوجوانوں کا قتل عام ہو رہا ہے، اس پر عالمی دنیا خاموشی توڑے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں گزشتہ 10دنوں میں دو واقعات ہوئے، پہلے ایک عالم دین اور پھر ایک پادری کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اس میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم اس حکومت کا بڑا کارنامہ ہے۔