نجی اسکولز کی بے دخلی، کنٹونمنٹ بورڈز کی رپورٹ مسترد

February 03, 2022

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کنٹونمنٹ علاقوں سے نجی اسکولز کی بے دخلی کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈز کی رپورٹ پر اظہارِ عدم اطمینان کیا ہے۔

عدالتِ عظمیٰ نے اسکولوں کی بے دخلی سے متعلق کنٹونمنٹ بورڈز کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے نئی رپورٹ طلب کر لی۔

جسٹس منیب اختر نے کہا کہ رپورٹ میں اسکولز کی بے دخلی کے سارے اشتہارات 2021ء کے ہیں، اسکولز کی بے دخلی کے لیے 2019ء اور 2020ء کے اشتہارات کہاں ہیں؟

کنٹونمنٹ بورڈ کے وکیل نے بتایا کہ تمام اشتہارات ہیں، عدالت کی سہولت کے لیے صرف 2021ء کے اشتہار لگائے گئے۔

جسٹس اعجاز الااحسن نے کہا کہ کنٹونمنٹس سے اسکولز کی بے دخلی کے جتنے پبلک نوٹس جاری ہوئے ان کی تفصیل دیں۔

جسٹس اعجاز الااحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔