منی لانڈرنگ کیس، شہباز و حمزہ کی عبوری ضمانت میں 18 فروری تک توسیع

February 10, 2022

—فائل فوٹو

لاہور کی عدالت نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

دورانِ سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔

شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ اسمبلی کا اجلاس ہے جس میں شرکت کرنی ہے اس لیے آئندہ سماعت کے لیے 2 ہفتے بعد کی تاریخ دے دیں۔

اسپیشل جج سینٹرل نے انہیں ہدایت کی کہ آپ عدالت کو حاضری سے معافی کی درخواست دے دیں۔

دورانِ سماعت ایف آئی اے کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزمان کی ضمانتیں خارج کی جائیں۔

عدالت نے تمام ملزمان کو چالان کی کاپیاں فراہم کر دیں۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بھی چالان کی کاپیاں دے دی گئیں۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔