پی پی اور پی ٹی آئی کے اہم رہنما مسلم لیگ ن میں شامل

February 14, 2022

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنما مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے۔

پی پی رہنما جاوید حسین اور محمد اسماعیل جبکہ پی ٹی آئی رہنما اکبرخان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

سابق وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ ن شاہدخاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاوید حسین نے ن لیگ میں شامل ہوکر بہت بہتر فیصلہ کیا، امید ہے اگلے الیکشن میں این اے 4 سے کامیابی حاصل کریں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج عوام نے گلگت بلتستان میں تینوں جماعتوں کو آزما لیا ہے، ٹیلیفون کے سہاروں پر بننے والی حکومتیں آج بھی ٹیلیفون کے سہاروں پر زندہ ہیں، یہ حکومتیں عوام کی منتخب کردہ حکومتیں نہیں ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ گلگت بلتستان کے صوبہ بننے کا بل آج تک قومی اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا، گلگت بلتستان کو دیے گئے اختیارات واپس لینے کی بات کی جارہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اب ٹیلیفون کی بیساکھیوں کا سہارا نہ لیا جائے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ دنیا ترقی کررہی ہے، پاکستان زبوں حالی میں ہے، جو تبدیلی چاہتا ہے وہ صوبے کا بل پارلیمان میں لے آئے، جب گلگت بلتستان میں فیئر الیکشن ہوا، ووٹ کو عزت ملی تو ن لیگ ہی کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کی وجہ آئین سے انحراف ہے، کوئی صدارتی نظام لانے اور کوئی اٹھارہویں آئینی ترمیم ختم کرنے کی بات کرتا ہے، ان معاملات کا حل پارلیمنٹ میں ہے، بند کمروں میں نہیں ہے، اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹرطارق فضل چودھری کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی ٹوٹ بٹوٹ حکومت موجود ہے، گلگت بلتستان میں مہنگائی کے باعث عوام حکومت کو گالیاں دے رہے ہیں۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ جی بی حافظ حفیظ الرحمان کے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، ن لیگ اگلےالیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی۔