سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران گینگ ریپ میں ملوث 2 ملزمان مقابلے میں ہلاک

February 16, 2022

علامتی فوٹو

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں چند روز قبل ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک لڑکی سے گینگ ریپ کرنے والے مبینہ ملزمان اسی علاقے میں ایک پولیس کارروائی کے دوران مارے گئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ویسٹ کراچی سہائی عزیز کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں پہاڑی کے قریب پولیس نے چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی اور پہاڑی کی جانب فرار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے تعاقب کیا اور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہو گئے جن میں سے ایک کی شناخت پیر بخش کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے قبضے سے ایک، ایک پستول برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق ملزمان پر گزشتہ روز ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک لڑکی سے گینگ ریپ کرنے کا شبہ تھا، جس پر متاثرہ فیملی سے ملزمان کی لاشوں کی شناخت کروائی گئی تو انہوں نے اپنے گھر میں واردات کرنے والے ملزمان کے طور پر شناخت کرلیا۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) کراچی غلام نبی میمن نے ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز کی قیادت میں ویسٹ پولیس کے اس اقدام کو بہترین کام قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کے مشکور ہیں جنہوں نے کراچی پولیس کے کام سراہا ہے۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی جانب سے ضلع غربی پولیس کے لیے انعام کا اعلان کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مقابلے میں ملزمان کو ہلاک کرنے پر پولیس ٹیم کو 5 لاکھ روپے انعام، سرٹیفکیٹ اور تعریفی اسناد دی جائیں گی۔