خواجہ سہیل منصور نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا

February 19, 2022

فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور نے رابطہ کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا۔

کراچی میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی کچھ غلط پالیسیوں کی وجہ سے نالاں ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی نہیں چھوڑ رہا اور نہ ہی پیپلز پارٹی میں جارہا ہوں۔

خواجہ سہیل منصور نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی پیپلز پارٹی نے نثار کھوڑو کو ٹکٹ دے دیا، نثار کھوڑو سے میرے ذاتی تعلقات ہیں، اس وجہ سے میں نے اپنے کاغذات جمع نہ کروانےکا فیصلہ کیا۔

خواجہ سہیل منصور سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا ایم کیوایم سینیٹ انتخاب سے دستبردار ہوگئی؟ جس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ذاتی حیثیت میں یہاں موجود ہوں۔

خواجہ سہیل نے کہا کہ متحدہ نے کوئی امیدوار لانے کا فیصلہ نہیں کیا تو اختلاف نہیں ہونا چاہیے، میں نثار کھوڑو کے مقابلے میں کاغذات جمع نہیں کرواؤں گا۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ یہ نشست پیپلز پارٹی کی ہے اور پیپلز پارٹی کو ہی ملنی چاہیے۔