پرویز خٹک اور فواد چوہدری کا ترین گروپ کے عون چوہدری سے رابطہ

March 19, 2022

وزیرِدفاع پرویز خٹک نے رات گئے اپنی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ عون چوہدری سے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

عون چوہدری نے وزیرِدفاع پرویز خٹک کی جانب سے کیے گئے رابطے کی تصدیق کی ہے۔

وزیرِ دفاع کی انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست

انہوں نے بتایا کہ رات گئے پرویز خٹک سے رابطہ ہوا ہے، جس کے دوران وزیرِ دفاع نے ترین گروپ کو فوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کر دی۔

’’اہم فیصلے روک لیں‘‘

عون چوہدری نے بتایا کہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اہم فیصلے روک لیں، جلد اہم پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔

گورنر سندھ کی جہانگیر ترین سے رابطے کی کوشش ناکام

گزشتہ روز سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے اپنی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین سے ٹیلی فون پر رابطے کی کوشش کی تھی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جہانگیر ترین سے رابطے کی کوشش ناکام رہی اور ان کے درمیان بات نہیں ہو سکی تھی۔

ترین گروپ کی حمزہ شہباز سے ملاقات

اس سے قبل جہانگیر ترین گروپ سے مسلم لیگ ن کے رہنما، پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

اس سے پہلے جہانگیر ترین گروپ نے حکومتی شخصیات سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، البتہ ترین گروپ کی حکومت مخالف شخصیات سے ملاقاتیں جاری تھیں۔

ترین گروپ کا فیصلہ تبدیل؟

جہانگیر ترین گروپ رہنما عون چوہدری کے وفاقی وزراء پرویز خٹک اور فواد چوہدری سے رابطے کے بعد اب ان کے اس فیصلے میں تبدیلی نظر آ رہی ہے۔