سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے اپنی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین سے ٹیلی فون پر رابطے کی کوشش کی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جہانگیر ترین سے بات نہیں ہو سکی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ترین گروپ سے مسلم لیگ ن کے رہنما، پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز ملاقات کر چکے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ترین گروپ سے حکومت مخالف شخصیات کی ملاقاتیں مسلسل جاری ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ نے حکومتی شخصیات سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
لاہور میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ کے ارکانِ اسمبلی کا مشاورتی اجلاس آج ہو گا۔
ذرائع نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ پنجاب کی سیاسی صورتِ حال کے حوالے سے ترین گروپ کے اجلاس میں اہم فیصلہ متوقع ہے۔
یہ اجلاس لاہور میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر آج رات کو طلب کیا گیا ہے۔
جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما عون چوہدری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اجلاس میں تمام ارکان مستقبل کی حکمتِ عملی پر تجاویز دیں گے۔
’’لندن میں جہانگیر ترین سے ٹیلی فونک رابطہ ہو گا‘‘
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اجلاس کے دوران لندن میں موجود جہانگیر ترین سے ٹیلی فونک رابطہ بھی ہو گا۔
عون چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں حمزہ شہباز اور پرویز الہٰی سے ہونے والی ملاقات پر تبادلۂ خیال بھی کیا جائے گا۔