ذیابیطس کے مریض کس طرح طویل عرصے تک زندہ رہ سکتے ہیں؟ ماہرین نے بتا دیا

March 21, 2022

ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ذیابیطس کے مریض جو رات کو کم پروسس شدہ کھانا کھاتے ہیں وہ طویل عرصے تک زندہ رہ سکتے ہیں۔

اکثر ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے صحت کے نتائج بہتر ہو سکتے ہیں اگر دن کے مختلف اوقات میں کچھ کھانا کھایا جائے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک نئی تحقیق ’دی جرنل آف کلینیکل اینڈوکرینولوجی اینڈ میٹابالزم‘ میں شائع ہوئی ہے۔

اس حوالے سے محققین نے بتایا کہ ہم نے مشاہدہ کیا کہ صبح کے وقت آلو کھانا، دوپہر میں اناج، شام کو سبزیاں، دودھ اور رات کو کم پروسس شدہ کھانا ذیابیطس کے شکار لوگوں میں طویل مدتی زندگی کے ساتھ منسلک تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے غذائی روٹین بہت اہم ہے یعنی وقت پر کھانا کھانے والا مریض ہی صحت مند رہتا ہے۔

محققین نے نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامینیشن سروے سے ذیابیطس کے شکار 4,642 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا تاکہ ان کے دل کی بیماری سے مرنے کے خطرے کا تعین کیا جا سکے۔

انہوں نے ذیابیطس کے شکار افراد کو پایا جو صبح کے وقت آلو یا نشاستہ دار سبزیاں کھاتے ہیں، دوپہر میں اناج کھاتے ہیں اور شام کو سبزیاں اور بروکولی اور دودھ جیسی غذا کھاتے ہیں ان میں دل کی بیماری سے مرنے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔

اس کے برعکس جو لوگ شام کے وقت بہت زیادہ پروسس شدہ کھانا کھاتے تھے ان میں دل کی بیماری سے مرنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔