استعفیٰ عمران کا آخری سرپرائز ہے، اپوزیشن

March 24, 2022

فائل فوٹو

وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کا آخری کارڈ اور سرپرائز ان کا استعفیٰ ہے۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان کا کہنا ہے کہ دھمکیاں نہ دیں بلکہ 172 ارکان پورے کریں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان مستعفی ہونے کا سرپرائز دے سکتے ہیں، یا شاید عمران خان کو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا وعدہ یاد آیا ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے ہاتھ میں استعفیٰ دینے کے سوا کوئی اور کارڈ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا چوروں کے دباؤ پر استعفیٰ دے دوں؟ حکومت چھوڑنے کیلئے تیار ہوں لیکن انہیں استعفیٰ نہیں دوں گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت گر بھی گئی تو چپ نہیں بیٹھوں گا، لڑائی ہونے دیں وقت بتائے گا استعفیٰ کون دے گا؟ ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کو سرپرائز دوں گا۔