شیخ رشید کو حکومت نہیں اپنی وزارت جانے کا درد ہے، سید ناصر شاہ

March 26, 2022

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما،وزیر بلدیات سندھ سید ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو عمران خان کی حکومت کے جانے کا ملال نہیں، شیخ رشید کو اپنی وزارت جانے کا شدید درد ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نےشیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید روزانہ پریس کانفرنس میں ماتم کرتے نظر آتے ہیں،شیخ رشید کی سیاست طویل معیاد ہو چکی ہے جو اب کوڑے دان میں جائے گی، شیخ رشید اپنی ون وہیلر وزارت سے دھمکیاں دینا بند کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید وہ سیاسی مسافر ہے جو جس کشتی میں سوار ہوگا اس میں چھید کرے گا۔

سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی ووٹنگ کی تاریخ دے کر شیخ رشید نے ثابت کیا کہ اسپیکر وزارت داخلہ کے زیردست ہے،متحدہ اپوزیشن پہلے سے سمجھتی ہے کہ اسپیکر جانبدار ہے۔

سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ بھی اب بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں لگتا ہے گھبرا گئے ہیں، پی ٹی آئی کے غیرقانونی اکاؤنٹس چلانے والے گورنر، اسپیکر اسد قیصر اور دیگر کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔