وزارت اعلیٰ سے متعلق حکومتی وفد سے کوئی بات نہیں ہوئی، ترجمان ق لیگ

March 28, 2022

فائل فوٹو

حکومتی وفد کی ق لیگ کے رہنماؤں سے ملاقات ختم ہوگئی، ترجمان ق لیگ نے بتایا کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے متعلق حکومتی وفد سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

حکومتی وفد اور ق لیگ کی قیادت کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مونس الٰہی نے کہا کہ ہمارےسب سے انفرادی اور مشترکہ بھی اچھے تعلقات ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ گلے شکوے ان سے ہوتے ہیں جن سے کوئی امید اور رشتہ ہوتا ہے، آپ اس لحاظ سے دیکھیں کہ رشتہ آج بھی قائم ہے۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں بڑی اچھی اور مثبت بات چیت ہوئی ہے۔

ملاقات سے قبل ذرائع کی جانب سے امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ حکومت ق لیگ کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ آفر کرے گی۔

واضح رہے کہ حکومتی وفد چوہدری برادران سے ملاقات کیلئے آج ان کی رہائشگاہ پہنچا، ق لیگاعلامیہ کے مطابق حکومتی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور پرویز خٹک شامل تھے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ق لیگ کی طرف سے ملاقات میں پرویزالٰہی، وجاہت حسین، مونس الٰہی، حسین الٰہی، سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ ملاقات میں موجود تھے جبکہ چوہدری شجاعت حسین ملاقات میں شریک نہیں تھے۔

اس سے قبل بتایا جارہا تھا کہ ملاقات میں حکومتی وفد موجودہ سیاسی صورتحال پر چوہدری برادران کو اعتماد میں لے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں اتحاد اور پنجاب کے معاملات پر بات ہو گی۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی

خیال رہے کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی۔

تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کی طرف سے جمع کرائی گئی ہے، قرارداد میں وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ق لیگ سے معاملات طے نہیں پائے، معاملہ ففٹی ففٹی ہے، رانا ثناء

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ ق لیگ سے معاملات طے نہیں پائے، معاملہ ففٹی ففٹی ہے، عمران خان بے تکی کہانیاں سنا کے وزارت عظمیٰ تک آئے، سمجھ رہے ہیں جو لوگ گئے ہیں وہ واپس آجائیں گے۔