مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے، عثمان بزدار کی شکل میں نااہل وزیر اعلیٰ نہیں چاہیے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر متحدہ اپوزیشن کے ارکان نے میڈیا سے گفتگو کی، اس موقع پر رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ارکان نے عدم اعتماد کی تحریک پر دستخط کیے، قرارداد پر 126 ارکان کے دستخط موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر آئین کے مطابق 14 دن میں بلانے کے پابند ہیں، پنجاب اور پاکستان میں عوام سے جھوٹ بولا گیا، مرکز میں اسپیکر قومی اسمبلی کا کردار سب نے دیکھا۔
رانا مشہود نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد آئے گی، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے میرٹ کی دھجیاں اڑائیں، ان کا ایک ایک اسکینڈل عوام اور اداروں کے سامنے لیکر جائیں گے،انہوں نے کوئی کام نہیں کیا اور نہ ہی عوام کو ریلیف دیا گیا، ان کا کڑا احتساب ہوگا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ شہباز شریف نے گڈ گورننس کے ریکارڈ قائم کیے۔