گورنر پنجاب اور بزدار اسلام آباد طلب، اسمبلی توڑے جانے کا امکان

April 04, 2022


گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سمیت عثمان بزدار اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو اسلام آباد بلا لیا گیا، پنجاب اسمبلی توڑے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کے ساتھ میاں محمود الرشید کو بھی اسلام آباد پہنچنےکی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ان سیاسی رہنماؤں کی ملاقات میں پنجاب کے سیاسی بحران سے نمٹنے کیلئے مختلف آپشنز زیر غور آنا متوقع ہیں، عثمان بزدار اور میاں محمود الرشید وزیراعظم کو پنجاب میں نمبر گیم پر بریف کریں گے۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب آج وزیر اعظم عمران خان سےملاقات کریں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم سے گورنر پنجاب آئندہ لائحہ عمل سےمتعلق رہنمائی لیں گے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی توڑے جانے کا امکان ہے، عثمان بزدار کو گورنر پنجاب بطور نگراں وزیراعلیٰ فرائض کا کہہ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کیا گیا ۔