وفاقی حکومت کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ بات وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں بتائی گئی ہے۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے جیونیوز سےٹیلیفونک گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میری ابھی وفاقی حکومت سے بات ہوئی ہے، انہوں نےابھی فون کرکے بتایا ہے کہ آپ نئے گورنر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جہاں سمجھیں گےان کا ساتھ دوں گا۔
اس سے قبل وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔
یہ بات بھی وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں ہی بتائی تھی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نئے گورنر پنجاب کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اس سے قبل گورنر پنجاب چوہدری سرور کی برطرفی کے بعد اختیارات ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو منتقل کر دیے گئے تھے۔
تاہم اب وفاقی حکومت کی جانب سے نئے گورنر پنجاب کی تعیناتی کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کو چوہدری پرویز الہٰی کے کہنے پر برطرف کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور وزارتِ اعلیٰ کے منصب کے لیے چوہدری پرویز الہٰی کی مخالفت کر رہے تھے۔
’’چوہدری سرور حمزہ شہباز کیلئے مہم چلا رہے تھے‘‘
حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری سرور حمزہ شہباز کے لیے مہم چلا رہے تھے۔
پرویز الہٰی نے وزیرِ اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے اس بات کی شکایت کی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے صدرِ مملکت عارف علوی کو گورنر پنجاب چوہدری سرور کی برطرفی کے لیے ایڈوائس دی۔
سابق وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت پنجاب اسمبلی پہنچ گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر سے متعلق وفاقی حکومت کا فیصلہ ہے، جس کی تفصیلات معلوم نہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد گورنر پنجاب چوہدری سرور نے عثمان بزدار کا پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ منظور کیا تھا۔