عمران خان کی پارٹی کو الیکشن تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت

April 05, 2022

فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو الیکشن کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی، کہا کہ پارٹی سے مخلص افراد کو ہی ٹکٹس دیں گے، اتحادی حکومت میں ہمیشہ بلیک میل ہونا پڑتا ہے، اپنے لوگوں کی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔

پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوا جس میں پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں طے پایا کہ مرکزی پارلیمانی بورڈ ہی ٹکٹوں سے متعلق پالیسی تشکیل دے گا، وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھ کر پارٹی کے پرانے ورکرز کو ٹکٹس دینے کو ترجیح دیں گے، اب غلطیوں کو نہیں دہرایا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی جلد از جلد امیدواروںٹکٹوں کی تقسیم پر پالیسی بنائی جائے، پالیسی بنانے کے بعد درخواستوں کی وصولی، بینک ڈرافٹ سے متعلق پالیسی بنائی جائے، امیدواروں کی اسکروٹنی سخت کی جائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میدان سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے، ہم اپنی تمام توانائی امیدواروں کے بہتر انتخاب پر صرف کریںگے، ساڑھے 3 سال میں غلطیوں سے بہت سیکھا ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ مخلص اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو آگے لایا جائے گا۔