ریحام خان کو حمزہ شہباز کی کامیابی پر مریم کے آنسو بھاگئے

April 07, 2022

وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور سینئر صحافی ریحام خان کوحمزہ شہباز کے حق میں قرار داد پاس ہونے پر مریم نواز کے آنسو بھاگئے۔

گزشتہ روز لاہور میں پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کے حق میں قرار داد پاس ہونے پر مریم نواز آبدیدہ ہوگئی تھیں۔

اس ویڈیو پر جہاں مسلم لیگ نون کے جیالوں نے ردّعمل دیا تو وہیں ریحام خان بھی خود کو روک نہ سکیں۔

ریحام خان نے ویڈیو پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران، یہ ویڈیو انٹرنیٹ کی سب سے پیاری چیز ہے۔

اُنہوں نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مریم نواز صرف عقیدت سے بنی ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن کے تحت پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس ہوا، جس میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنانے کی قرار داد پیش کی گئی تھی۔

لاہور کے ہوٹل میں ہونے والے اس اجلاس میں 199 ارکان پنجاب اسمبلی نے قرار داد کی حمایت کی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ فتح کے آنسو ہیں، یہ خوشی کے آنسو ہیں، بہت جلد میاں نواز شریف پاکستان آرہے ہیں، اللّہ پاک میری والدہ کےد رجات بلند کرے، آمین۔