پیپلز پارٹی کی عمران خان کو چیئرمین پی سی بی بنانے کی پیشکش

April 08, 2022

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے عمران خان کو نئی حکومت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین لگانے کی پیشکش کردی۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر عمران خان کہے تو ہم ان کو نئی حکومت میں کرکٹ بورڈ کا چیئرمین لگانے کا سوچیں گے، عمران خان کے پاس اب استعفیٰ دینے کے علاوہ اور کوئی سرپرائز نہیں ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ کل سپریم کورٹ نے ایک تاریخ ساز فیصلہ دیا جس سے ملک کے وقار میں اضافہ ہوا، یہ فیصلہ بادشاہت کا خاتمہ اور جمہوریت کے استحکام کا فیصلہ تھا، ملکی تاریخ میں پی ٹی آئی نے بدترین حکمرانی کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایسا اقدام اٹھایا کہ ان کے اٹارنی جنرل نے بھی اس کا دفاع کرنا مناسب نہیں سمجھا، پی ٹی آئی نے بار بار آئین شکنی کی۔

ناصر شاہ نے کہا کہ اب تحریک انصاف کا نام تبدیل کرکے تحریک آئین شکنی رکھا جائے، آج پی ٹی آئی کے پیکا آرڈیننس کو بھی عدالتوں نے ختم کردیا۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری اور ان کی جماعت کس منہ سے آکر میڈیا سے بات کرتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت کو نہ عدالتوں کا احترام، نہ میڈیا کا اور نہ ہی آئین کا احترام ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی تو ضلعی کونسل میں بھی رکھنے کے قابل نہیں ہیں، ملک ان کے حوالے ہوگیا، وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی بحالی سے روپے کی قدر بہتر ہوئی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان یونین کونسل کے لیڈر بھی نہیں اور کہتے ہیں ان کے خلاف عالمی سازش ہے۔