علی ترین نے پی ٹی آئی کی کس پالیسی کی تعریف کی؟

April 22, 2022

یہ سچ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے چینی کی فروخت اور درآمد میں انتہائی بدانتظامی کی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل اور ’ترین گروپ‘ بنانے والے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے سابق حکومت کی کسانوں کے لیے بنائی گئی پالیسی کی تعریف کردی۔

انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ یہ سچ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے چینی کی فروخت اور درآمد میں انتہائی بدانتظامی کی۔

علی ترین نے لکھا کہ اس سب کے باوجود سابقہ حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا کہ کسانوں کو وقت پر ادائیگی کی جائے اور انہیں پوری رقم ملے۔

علی ترین کے مطابق پی ٹی آئی کی اس پالیسی نے کسانوں کو وقت پر ادائیگی کرنے والی اور بروقت ادائیگی نہ کرنے والی مِلوں کو ایک ایسی صورت حال میں ڈالا جس میں کامیابی کا منصفانہ اور مساوی موقع تھا۔

یاد رہے کہ والد کی جماعت سے ناراضی کے باوجود علی ترین پی ٹی آئی کی حمایت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

گزشتہ دنوں کی عمران خان کی ٹوئٹر اسپیس نے جہاں عالمی توجہ اپنی جانب مرکوز کروائی ہوئی تھی وہیں پاکستانی صارفین کو سب سے دلچسپ امر پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل اور ’ترین گروپ‘ بنانے والے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کی شرکت لگا تھا۔

علی ترین نے جیسے ہی اسپیس میں انٹری دی، میمرز کو میمز بنانے کے لیے نیا موضوع مل گیا تھا۔