دعا زہرا کیس: آئی جی سندھ کا پولیس اہلکار کیلئے نقد انعام کا اعلان

April 26, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ مشتاق مہر

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ مشتاق مہر نے کیپٹل سٹی پولیس آفس لاہور کی لیگل برانچ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل کو دعا زہرا کاظمی کے کیس میں حاضر دماغی پر ایک لاکھ روپے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

بکل نمبر 12381 کے حامل ہیڈ کانسٹیبل نے لاہور کی متعلقہ عدالت میں دعا زہرا کی موجودگی سے متعلق اطلاع بروقت اپنے سینئر پولیس آفیسر کو دی جس سے لڑکی کا سراغ لگانے میں مدد ملی۔

پولیس اہلکار کی جانب سے حکام کو یہ آگاہی دینے اور تمام تر ضروری قانونی اقدامات اختیار کئے جانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے آئی جی سندھ نے ان کی ستائش کی اور ایک لاکھ روپے نقد انعام و تعریفی سند دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس ضمن میں آئی جی سندھ نے پولیس افسران کو تمام تر محکمانہ امور و اقدامات کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی واضح ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔