پاکستان بل گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیر اعظم

April 26, 2022

وزیراعظم شہباز شریف کا بل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ اسلام آباد سے جاری سرکاری اعلامیہ کے مطابق ‏پاکستان میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

اس موقع وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان بی ایم جی ایف کے ساتھ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے تمام شعبوں میں فاؤنڈیشن سے شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کی جانب پیش رفت کو برقرار رکھا ہے اور 2021 میں پولیو کا صرف ایک کیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر بل گیٹس نے مثبت پیش رفت کا اعتراف کیا جبکہ پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے افغانستان میں پولیو ویکسینیشن مہم کی بحالی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ افغانستان کو مناسب بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم اور بل گیٹس نے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔