عامر لیاقت کو چوتھی شادی کی پیشکش

May 15, 2022

فائل فوٹو

تین شادیوں میں ناکامی کے بعد رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو چوتھی شادی کی پیشکش ہوگئی۔

ان دنوں عامر لیاقت حسین اور اُن کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔

ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک خاتون کا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں وہ عامر لیاقت حسین سے شادی کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کررہی ہیں۔

ایک نجی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے خاتون نے کہا کہ ’میں عامر لیاقت حسین سے اپنی محبت کا اظہار کرتی ہوں اور میں اُن سے شادی کرنا چاہتی ہوں۔‘

خاتون نے کہا کہ ’مجھے بچپن سے ہی عامر لیاقت حسین بہت پسند ہیں اور میں چاہتی ہوں کہ مجھے وہ مل جائیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’عامر لیاقت کی آنکھیں بہت پسند ہیں، اُن کی شخصیت بھی اچھی ہے، ہاں وہ غصے والے ہیں لیکن جہاں پیار ہوتا ہے وہاں غصہ بھی ہوتا ہے۔‘

خاتون نے یہ بھی کہا کہ ’عامر لیاقت حسین مجھ سے شادی کرلیں تو میں اُنہیں ہاتھ کا چھالا بنا کر رکھوں گی۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اُن کی ابھی تک شادی نہیں ہوئی ہے، اُن کا وزن زیادہ ہے لیکن اگر عامر لیاقت ہاں کرتے ہیں تو وہ اپنا وزن کم کرلیں گی۔‘