جانوروں کو فلموں میں استعمال نہ کرنے کے عہد پر پوجا بھٹ کیلئے ایوارڈ

May 15, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ، فلم ڈائریکٹر اور فلمساز پوجا بھٹ پہلی بھارتی ڈائریکٹر ہیں جنہیں پیٹا (PETA) ایوارڈ دیا گیا ہے یہ ایوارڈ انہیں ان کے اس عہد پر دیا گیا ہے کہ وہ فلموں میں جانوروں کو کبھی بھی استعمال نہیں کریں گی اور ضرورت پر صرف گرافکس کا استعمال کریں گی۔

پوجا بھٹ نے یہ ایوارڈ ملنے پر پیٹا انڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر انہوں نے پیٹا انڈیا کے سی ای او کی جانب سے جاری کیے گئے خط کا عکس بھی شیئر کیا۔

خط میں پوجا کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کے ساتھ کہا گیا کہ ان کا یہ اقدام اور عہد دنیا بھر کے فلمسازوں کے لیے ایک تحارک اور رہنمائی کا سبب بنے گا، جس سے سیٹ پر جانور دباؤ اور انجری سے محفوظ رہیں گے۔

واضح رہے کہ پوجا بھٹ نے بطور فلم ڈائریکٹر اپنے کیریئر کا آغاز 2004 کی فلم پاپ سے کیا جس میں جان ابراہم اور اودیتا گوسوامی اسٹارز تھے، جبکہ انہوں نے 2006 میں ہالیڈے، 2007 میں دھوکا، 2010 میں کجرارے اور 2012 میں جسم ٹو کی ہدایت کاری کی۔