پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 مرکزی رہنماؤں کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے 2 مزید مقدمات کا فیصلہ انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کے جج ارشد جاوید نے سنا دیا۔
جج نے 9 مئی کے دن لاہور کے علاقے گلبرگ میں گاڑیاں اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے مقدمات کا فیصلہ سنایا ہے۔
عدالتی فیصلے میں پی ٹی آئی کے اہم رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سابق سینیٹر اعجاز چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے فیصلے میں گلبرگ میں گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 22 اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے کیس میں 5 ملزمان کو بری بھی کر دیا ہے۔
گلبرگ میں گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں کل 33 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے 4 ملزمان اشتہاری ہیں جبکہ یاسمین راشد اور 7 ملزمان کو 10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔
کنٹینر جلانے کے مقدمے میں 24 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، اس کیس میں 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔
لاہور میں اب تک 9 مئی کے 7 مقدمات کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے۔