وزیراعظم گندم کی خریداری کےاہداف پورے نہ کرنے پر برہم

May 16, 2022

فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف صوبوں کو گندم کی خریداری کے لئے دیےگئے اہداف پورے نہ کرنے پر برہم ہوگئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس بلا یا، صوبائی چیف سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء طارق بشیرچیمہ، مریم اورنگزیب، متعلقہ ڈویژنز اور محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔

شہباز شریف نے گندم کی خریداری کے اہداف پورے نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وافر مقدار کی گندم موجود ہے، صوبے ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو مشکل میں نہیں ڈالا جاسکتا۔

وزیر اعظم نے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کی دس کلو قیمت 490 روپے برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہر صورت کم قیمت پر آٹا فراہم کرے گی۔

انہوں نے صوبوں کو یکم جون تک گندم خریداری کے اہداف پورے کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کی بھی ہر ممکن مدد کرے گی، غریب عوام کی خدمت اولین فریضہ ہے۔

انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ باہر سے درآمد کی جانےوالی گندم کی صوبوں میں شفاف تقسیم کیلئےفوری کمیٹی قائم کی جائے، سستی ترین اور بہترین معیار کی گندم درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کی 10 کلو قیمت 490 روپے برقرار رکھی جائے، اوپن مارکیٹ میں بھی باقی صوبےاسی قیمت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔