کراچی: کھارادر دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

May 17, 2022

کراچی کے علاقے کھارادر میں گذشتہ شب ہونے والے دھماکے کا مقدمہ تھانہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں درج کرلیا گیا۔

مقدمہ ایس ایچ او کھارادر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی اور دھماکا خیز مواد رکھنے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہے۔

دوسری جانب بم دھماکے سے متعلق تحقیقاتی ادارے تاحال کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

تحقیقاتی حکام نے کہا کہ دھماکے کی ذمہ داری بھی کسی نے قبول نہیں کی، تاہم دھماکے میں دشمن ممالک کی ایجنسیز ملوث ہوسکتی ہیں۔

حکام نے امکان ظاہر کیا کہ ہوسکتا ہے دشمن ممالک کی ایجنسیز نے مقامی دہشت گردوں کا استعمال کیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے واقعے کی ذمہ داری جان بوجھ کر قبول نہیں کی گئی۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا تھا کہ پولیس کو نشانہ بنانے کی کوشش میں خاتون شہری جاں بحق ہوئی، ماضی میں اولڈ سٹی ایریا میں ایسی وارداتیں ہوچکی ہیں۔

حکام کے مطابق مواچھ گوٹھ دھماکے کی ذمہ داری بھی آج تک قبول نہیں کی گئی، اس واقعے میں بھی ذمہ داری قبول کیے جانے کا امکان نہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے مصروف تجارتی مرکز کھارادر میں ہونے والے دھماکے میں خاتون جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ دھماکے سے کئی موٹر سائیکلوں اور پولیس موبائل کو نقصان پہنچا تھا۔