بیانیہ تبدیل کیا جارہا ہے کسی ایک بات پر تو ٹھہر جاؤ، فضل الرحمٰن

May 20, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے پاکستان کی سیاست بدنام ہوگئی ہے.

عمران خان دنیا تمہیں جانتی ہے، تم پر اعتماد کو تیار نہیں، بیانیہ تبدیل کیا جارہا ہے،کسی ایک بات پر ٹھہر تو جاؤ، عدالت کا احترام کرتا ہوں لیکن سپریم کورٹ سے ایک ہی شکوہ ہے کہ آپ نے کس کے کہنے پر ازخود نوٹس لیا.

چیف ایگزیکٹو نے ایف آئی اے کے افسران کو تبدیل کیا، آپ نے سوموٹو کیوں لیا ؟ کس کے کہنے پر لیا،کیا جلسے میں عمران خان کی گفتگو پر اتنا بڑا اقدام لیا گیا؟ آپ آئیں، آپ حکومت کریں، آپ چیف ایگزیکٹو بن جائیں، عدلیہ کا اپنا کام ہے حکومت کا اپنا کام ہے، آپ ان لوگوں سے ڈرتے ہیں، یہ مخلوق عدالت کے سامنے کھڑی ہوگئی تو کیا کریں گے،عدالت آزادی کے ساتھ فیصلےکرے.

پاکستان میں خاص لابی ماضی میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کا درس دے رہی تھی، جمعیت علمائے اسلام نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرنے والوں کی زبان بند کردی آ ج تک کوئی اسرائیل کی بات نہیں کرسکا ، عمرانی فتنے کوسمندر برد ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شب مزار قائد کے سامنے نیو پریڈی اسٹریٹ پر تقدس حرمین نبوی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری ، سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو ، مولانا عبدالکریم عابد ، سابق صدر آصف علی زرداری کے پولیٹکل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو ، اسلم غوری ، قاری محمد عثمان ، مولانا محمد غیاث ، مفتی اعجاز مصطفی ، عالمی مجلس ختم نبوت کے رہنما قاضی احسان ، مولانا سمیع الحق سواتی ، مولانا عمر صادق ، مولانا عبداللہ سومرانی ، قاری فیض الرحمن عابد ، مولانا فتح اللہ ضلع شرقی کے رہنما ،ضلع جنوبی کے امیر عبداللہ بلوچ ،نعت خواں حسان احسانی ،تاج محمد نایو،ضلع لاڑکانہ کے امیر علامہ ناصر خالد محمود سومرو ،بابر قمر عالم مولانا رشید نعمانی ، مولانا ڈاکٹر نصیر الدین ، مولانا حما د اللہ شاہ ، مولانا احسان اللہ ٹکروی اور دیگر نے خطاب کیا ۔

اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کے سابق مشیر اور سابق صوبائی مشیر مذہبی امور ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ عمران خان کو ہم نے آئینی اور قانونی طریقہ سے ہٹایا ہے ، اب وہ غیر قانونی طریقہ سے آنے کی کوشش کر رہا ہے ۔