اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر کا بھارتی سفارتکار کو سخت جواب

May 20, 2022

اقوام متحدہ میں بھارتی سفارت کار کے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ کہنے پر پاکستانی قونصلر نے سخت جواب دیا۔

پاکستانی قونصلر عمران خان نے بھارتی سفارت کار کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا، اور نہ اب اس پر نئی دہلی کا کوئی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں ایک متنازع خطہ ہے، جموں کشمیر کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار اہل کشمیر کے پاس ہے۔

پاکستانی قونصلر نے مزید کہا کہ بھارت جموں کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد تسلیم کرچکا، اب عملدرآمد ہونا ہے، بھارتی مؤقف یو این سلامتی کونسل کی قرارداد کی 7 دہائیوں سے خلاف ورزی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارت جموں کشمیر کی مسلم آبادی کو اقلیت بنانے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان پر دہشت گردی کے بھارتی الزامات اپنی ریاستی دہشت گردی چھپانےکی کوشش ہیں۔

پاکستانی قونصلر عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یہ لکھ لیں کشمیری اپنے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کوبے نقاب کرتا رہے گا، پاکستان یو این قرارداد کے تحت مسئلہ کشمیر حل کرنے کی آواز بلند کرتا رہے گا۔