ایشین ہاکی، پاکستان کا بھارت کو سرپرائز، آخری لمحات میں گول، میچ ڈرا

May 24, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی میں نوجوان پاکستان ٹیم نے بھارت کو اپنے پہلے میچ میں سرپرائز دیدیا۔

رانا عبدالوحید نے آخری لمحات میں گول کرکے پاکستان اور بھارت کا ایشیا کپ ہاکیمیں میچ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔

دفاعی چیمپئن بھارت آن پیپر مضبوط ٹیم تھی لیکن غیر ملکی کوچ کی تقرری کے بعد پاکستانی ٹیم نے بہتر تکنیک کے ساتھ میچ کھیلا اور ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

بھارت کی دنیا کی نمبر 3ٹیم جبکہ پاکستان عالمی رینکنگ میں 18ویں نمبر پر ہے۔

کپتان عمر بھٹہ کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت سارے چانس بنائے لیکن انہیں گول میں تبدیل نہ کرسکے۔ ہماری فنشنگ بہتر نہ تھی لیکن ابھی دو میچ باقی ہیں اور ہم ٹورنامنٹ میں موجود ہیں۔

پیر کو انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں روایتی حریفوں کے درمیان دلچسپ میچ کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کو مواقع ملے۔ پاکستان کے گول کیپر اکمل حسین کی عمدہ کارکردگی پلیئرآف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان کے خلاف میچ میں بھارت کی جانب سے آٹھویں منٹ میں سالوم کھارتی گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ کھیل کے آخری لمحات میں59منٹ میں پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے شارٹ کارنر کی مدد سے گول بنایا دوسرے اور تیسرے کواٹر میں دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔