عفت عمر نے بشریٰ بی بی کے لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے پر سوال اُٹھا دیا

May 24, 2022

کولاج، فائل فوٹوز

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لانگ مارچ میں بشریٰ بی بی کے شرکت نہ کرنے پر عفت عمر نے سوال اٹھا دیا ہے۔

اداکارہ عفت عمر نے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے لانگ مارچ میں بشریٰ بی بی کے شرکت نہ کرنے سے متعلق جاری کیے گئے بیان پر سوشل میڈیا پر سوال اٹھایا ہے۔

عفت عمر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں وہ دھرنے میں شریک نہیں ہوں گی، مطلب جو شریک ہوں گی وہ گھریلو خواتین نہیں؟‘

واضح رہے کہ عمران خان نے اپنی پریس کانفرنس میں لانگ مارچ سے متعلق کہا ہے کہ یہ سیاست نہیں جہاد ہے، اگر ملک میں کسی کی جان کو خطرہ ہے تو وہ میری جان کوخطرہ ہے، مجھے اپنی جان کی پرواہ نہیں، ان کی غلامی سے موت بہتر ہے، کل خیبرپختون خوا سے قافلے کی صورت میں اسلام آباد کے لیے نکلوں گا۔

’لانگ مارچ کا اعلان‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کل، 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں 25 مئی کو اسلام آباد میں ملوں گا، ہم سری نگر ہائی وے پر دوپہر تین بجے ملیں گے، اپنی جان کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔