• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووٹر فہرستوں میں دھاندلی، شبانہ اعظمی کی عوام سے احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ممبئی میں ووٹر فہرستوں اور ووٹ دینے کے حق سے متعلق خدشات پر ہونے والے احتجاج میں لوگوں سے شرکت کی اپیل کی ہے۔

78 سالہ شبانہ اعظمی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ وہ 2 اکتوبر کو ممبئی کے شیواجی پارک میں جمع ہوں اور حکومت سے اپنے ووٹ کی حفاظت کرنے کی اپیل کریں۔ 

انھوں نے ویڈیو کے ساتھ ایک پیغام بھی شیئر کیا، جس میں لکھا، آپ کا ووٹ آپ کا حق ہے، یہ آپکی آواز ہے۔ لیکن کیا ہوتا ہے جب آپ کا ووٹ ووٹر لسٹ سے غائب ہو جائے؟ لہٰذا اپنے جمہوری حق کے لیے 2 اکتوبر کو یوم گاندھی پر شیواجی پارک میں احتجاج میں شامل ہوں۔

ویڈیو میں شبانہ نے اپنے فالوورز سے ووٹ کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ عوام کی آواز ہے اور ملک کے مستقبل کی تشکیل میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ لیکن جب آپ کا ووٹ شمار ہی نہ ہو؟ اور آپکا نام اچانک ووٹر فہرست سے غائب ہو جائے، جب آپ کے ووٹ کو خارج، تبدیل یا اس میں ہیرا پھیری کی جا سکے؟

واضح رہے کہ ممبئی میں ہونے والا یہ احتجاج اسپیشل انٹینسیو ریویژن کی مشق اور انتخابی فہرستوں کے حوالے سے جاری وسیع سیاسی تنازع کے درمیان منعقد کیا جا رہا ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے، جس کا آغاز ممبئی سے ہوگا۔

پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے، 2025 کی انتخابی فہرست کو منجمد کرنے اور اگلے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے عمل میں زیادہ شفافیت کا مطالبہ کیا ہے۔

سی جے پی کا دعویٰ ہے کہ اسپیشل انٹینسیو ریویژن کی مشق کے دوران تقریباً 13 کروڑ ووٹرز کے نام انتخابی فہرستوں سے حذف کیے گئے ہیں۔ دیپکے نے ان  حذف شدہ ناموں کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس اور اپوزیشن بلاک کے درمیان ووٹوں کے معمولی فرق سے جوڑا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ووٹر فہرستوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں انتخابی نتائج پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔

دوسری جانب ممبئی پولیس نے شیواجی پارک میں مجوزہ سی جے پی اجتماع کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ پولیس نے عوامی اجتماعات سے متعلق ضوابط اور ٹریفک سمیت دیگر خدشات کا حوالہ دیا۔ اس کے باوجود احتجاج کے منتظمین نے کہا ہے کہ وہ اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید