مجمع میں کچھ لوگوں کے پاس ہتھیار ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، آئی جی اسلام آباد

May 26, 2022

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ اس مجمع میں کچھ لوگوں کے پاس ہتھیار ہیں، تمام شرکاء سے گزارش ہے کہ یہ سیاسی عمل ہے اس کو پُرامن رکھیں۔

آئی جی اکبر ناصر خان کا تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس کو حکم ہے کہ مظاہرین پر غیرضروری طاقت کا استعمال نہ کرے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے پاس کسی قسم کا ہتھیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں کسی قسم کا داخلہ برداشت نہیں کیا جائے گا، سیاسی کارکن ریڈ زون میں داخل ہونے سے گریز کریں، کسی بھی قیمت میں ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کا کہنا ہے کہ سب کو متنبہ کررہے ہیں کہ قانون کا احترام اور اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی تعظیم کریں۔