صارفین کا ڈیٹا کمپنیز کو دینے پر ٹوئٹر کو 15 کروڑ ڈالر جرمانہ

May 27, 2022

صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ نہ کرنے پر امریکی جسٹس ڈپارٹمنٹ اور فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے ٹوئٹر کو 15 کروڑ ڈالر کا جرمانہ کردیا۔

مئی 2013 سے ستمبر 2019 تک ٹوئٹر نے صارفین کو بتایا کہ وہ ان کے فون نمبرز اور ای میل ایڈریس اکاؤنٹ سیکیورٹی کی وجہ سے جمع کررہا ہے۔

حکومت نے سوشل میڈیا کمپنی پر الزام لگایا کہ وہ صارفین کی یہ معلومات اس لیے جمع کر رہی تھی تاکہ مختلف کمپنیز آن لائن اشتہار بھیج سکیں۔

حکام نے مزید کہا کہ ٹوئٹر نے سوئٹزرلینڈ اور یورپی یونین کے ساتھ امریکی معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

امریکا کا سوئٹرزلینڈ اور یورپی یونین سے معاہدہ ہے کہ کوئی بھی سوشل میڈیا یا آن لائن کمپنی صارفین کی اجازت کے بغیر ان کا ڈیٹا نہیں لے گی لیکن ٹوئٹر نے اس کی خلاف ورزی کی۔

کیلیفورنیا کی وفاقی عدالت نے ٹوئٹر پر 15 کروڑ ڈالر جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ امریکا کے بین الاقوامی معاہدوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔