گندھارا نسان کوآپریٹیو سوسائٹی 50 سال بعد بھی آباد نہ ہوسکی

May 28, 2022

کراچی (رپورٹ/رفیق بشیر)گندھارا نسان کوآپریٹیوہاؤسنگ سوسائٹی تمام بنیادی سہولتوں کے باوجود 50 سال بعد بھی آباد نہ ہوسکی‘سوسائٹی میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی کوئی ادارہ تحقیقات نہیں کررہاجبکہ بدعنوانی کا ایک اور اسکینڈل 5جون کو سامنے آنے کا امکان ہے کیونکہ سوسائٹی انتظامیہ نے کروڑوں روپے کے پلاٹوں کو نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے،سوسائٹی نے اپنی مرضی کے بعض ایسے قوانین مرتب کررکھے ہیں جو آباد کاری میں روکاٹ ہیں ‘جب ممبران پلاٹ کی تعمیر کے لئے قبضہ مانگتے ہیں تو سوسائٹی کی انتظامیہ خوف و ہراس پیدا کرکے ممبر کو فیصلہ بدلنے پر مجبور کرتی ہے،پلاٹ کی فروخت اور خریداری کے لئے سیکرٹری نے اپنے بروکرز مقررکرکھے ہیں جبکہ عام ممبر کو پلاٹ کی فروخت یا تصدیق کیلئے کئی ماہ تک رلایاجاتاہے ‘ سوسائٹی کی ڈیولپمنٹ کے لئے وصول کی جانے والی رقم سوسائٹی کے اکاونٹ کی بجائے ذاتی اکاؤنٹ میں رکھی جاتی ہے ‘کوآپریٹیو ایکٹ کے تحت سیکرٹری کا عہدہ اعزازی ہوتا ہے،لیکن سیکرٹری تنخواہ کے نام پر وظیفہ لیتے ہیں جبکہ گزشتہ 20سال سے پلاٹوں کے ٹرانسفر پر پابندی عائدکی گئی ہے ‘سیکرٹری کے عہدے پر دوافراد گزشتہ 36سال سے مختلف انداز سے اقتدار میں ہیں جبکہ سوسائٹی کا بنیادی نقشہ دو بار تبدیل کیاگیااور50سے زائد من پسند افراد کے پلاٹس کو بہترین لوکیشن پر ڈالا گیا‘ذرائع کے مطابق سوسائٹی کے خزانچی کے عہدے پر کام کرنے والا شخص پلاٹ ہولڈر ہے نہ ممبرہے‘سوسائٹی کے پلاٹ ہولڈرز اورممبرانیس حیدر اورمحمد تسنیم نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئےبتایاکہ سوسائٹی کے دفتر پر بروکرز کا قبضہ ہے‘ان ممبران کا کہنا ہے،اطراف کی ساری سوسائیٹیاں آباد ہوچکی ہیں اور ہم اپنے گھر کے لئے پریشان ہیں،اس ساری صورتحال پر اعزازی سیکرٹری آفاق حسین صدیقی سے فون پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہوسکا،جبکہ اس سلسلے میں سوسائٹی کے صدر مجاہدنقوی سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ سوسائٹی کے تمام معاملات سیکرٹری دیکھ رہے ہیں،ان سے صورتحال معلوم کریں ،صدر کے اختیارت محدود ہیں۔