سدھو موسے والا کو 19 گولیاں لگیں، 15 منٹ میں ہی دم توڑ گئے: پوسٹ مارٹم رپورٹ

June 03, 2022

سدھو موسے والا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید انکشافات

بھارتی پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انہیں 19 گولیاں لگیں اور وہ زخمی ہونے کے بعد 15 منٹ کے اندر ہی دم توڑ گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار سدھو موسے والا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کی موت گولی لگنے کے 15 منٹ کے اندر ہوئی تھی اور حملہ آوروں نے ان کے جسم میں 19 گولیاں فائر کی تھیں۔

سدھو موسے والا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 5 ڈاکٹروں پر مشتمل ایک پینل کی جانب سے مرتب کی گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سدھو موسے والا کے جسم پر دائیں جانب گولیوں کے زیادہ سے زیادہ نشانات تھے۔ گولیاں اُن کے گردے، جگر، پھیپھڑوں اور ریڑھ کی ہڈی کو لگیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا کہ پورے جسم کا ایکسرے کیا گیا۔

واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کی موت کی خبر نے دنیا بھر میں موجود مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے۔

سدھو موسے والا صرف ایک گلوکار ہی نہیں تھے بلکہ انہوں نے رواں سال 20 فروری کو کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن 63 ہزار ووٹوں سے ہار گئے تھے۔

سدھو موسے والا کو قتل کرنے والا کون ہے؟

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس رہنما اور پنجابی گلوکار شُبھ دیپ سنگھ سدھو موسے والا کا قاتل کینیڈا کا گینگسٹر ہے۔

اس حوالے سے پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سدھو موسے والا پر حملہ گینگ وار کا شاخسانہ لگتا ہے۔

پولیس کے مطابق کینیڈا کے لارنس بشنوئی گینگ اس قتل میں ملوث ہے، گینگ کے رکن لکی نے کینیڈا سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

سدھو موسے والا کے والد کا بیان

شبھ دیپ سنگھ سدھو موسے والا کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ گلوکار کو کچھ عرصے سے نامعلوم افراد کی جانب سے تاوان کی کالیں آ رہی تھیں۔

گلوکار کے والد نے کہا کہ اتوار کو میرا بیٹا اپنے دوستوں گروندر سنگھ اور گر پریت سنگھ کے ساتھ کار میں روانہ ہوا تھا۔

اس وقت شبھ دیپ بلٹ پروف فار چونر اور دو گارڈز کو اپنے ساتھ لینے کے بجائے گھر سے نہتا نکلا تھا۔