سابقہ دورِ حکومت میں ترک سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں، چوہدری سالک

June 03, 2022

وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ سابقہ دورِ حکومت میں ترک سرمایہ کاروں کے ساتھ پاکستان میں زیادتی کی گئی، انہیں وہ سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں جو ترکیہ جیسے دوست ملک کے سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانی چاہیے تھیں۔

اس صورتحال کے سبب ترک سرمایہ کار پاکستان سے کافی مایوس تھے جس کی تلافی کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ہونے والے دورہ ترکی میں ان کی جانب سے پر خلوص کوشش کی گئی ہے۔

امید ہے کہ ہماری کوششوں سے اس دفعہ ترک سرمایہ کار پاکستان میں حقیقی سرمایہ کاری کرنے میں کامیاب ہوں گے، چوہدری سالک حسین نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان میں حقیقی سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ جبکہ پاکستان کی موجودہ قیادت اور ترک قیادت کے درمیان شاندار تعلقات اور پاک ترک عوام کی ایک دوسرے سے محبت کے سبب یقین ہے کہ ترکی سے بھاری سرمایہ کاری پاکستان منتقل ہوگی۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ملک سے مخلص قیادت مشکل معاشی صورتحال کے باوجود ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے دن رات کام کررہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مواقع فراہم کریں جس کے لیے سرمایہ کاری بورڈ کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولتیں فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خصوصاََ وزیر اعظم کے دورہ ترکیہ کے بعد امید ہے کہ وہاں سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری منتقل ہوگی۔