دانیہ نے عدت سے ناقدین کیلئے کونسا پیغام جاری کیا؟

June 19, 2022

فائل فوٹو

معروف ٹی وی اینکر و سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ نے عدت سے اپنے ناقدین کے لیے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔

دانیہ کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک آڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں دانیہ کی والدہ اپنی بیٹی کی طرف سے ناقدین کو پیغام دے رہی ہیں۔

آڈیو پیغام میں دانیہ کی والدہ نے کہا کہ ’دانیہ نے عدت سے یہ پیغام جاری کیا ہے کہ میرے شوہر نے اپنی زندگی میں مجھے معاف کردیا تھا، میرے لیے اپنے گھر کے تمام دروازے کھول دیے تھے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’میرے شوہر نے انتقال سے چار روز قبل بھی صلح کی بات کی تھی تو یہ کہاں لکھا ہوا ہے کہ خاوند بیوی کو معاف کردے لیکن زمانہ اُس کے انتقال کے بعد بیوی کی گرفتاری کے پیچھے لگ جائے‘۔

دانیہ کی والدہ نے کہا کہ ’میڈیا اپنے مواد سے دانیہ کے خلاف نفرت پھیلا رہا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میری بیٹی عدت کے بعد تمام سوالوں کے جواب دے گی‘۔

واضح رہے کہ عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔