مارک زکربرگ اب فیشن ورلڈ میں قدم رکھنے کو تیار

June 20, 2022


فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے ’میٹا اوتار اسٹور‘ کھولنے کا اعلان کردیا۔

اب سوشل میڈیا صارفین اپنی نمائندگی کرنے والے اوتار کے لیے معروف برانڈز، جن میں پراڈا ، تھام براؤنی اور گوشی وغیرہ شامل ہیں، سے ڈجیٹل کپڑے بنوا سکیں گے۔

میٹاورس کے بانی مارک زکربرگ نے یہ اعلان انسٹاگرام کے نائب صدر برائے فیشن ایوا چین کے ساتھ لائف سیشن کے دوران کیا۔

تاہم میٹا نے ڈیجیٹل کپڑوں کی قیمتوں کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کیں جب کہ میٹا اوتار کے لیے مفت کپڑوں کا آپشن پہلے سے ہی دستیاب ہے۔

مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ ’ہم فیس بک، انسٹاگرام اور میسنجر پر اوتار اسٹور کا افتتاح کر رہے ہیں جہاں سے صارفین ان کی نمائندگی کرنے والے ڈجیٹل کردار اوتار کو اسٹائل دینے کے لیے ڈیجیٹل کپڑے خرید سکیں گے۔ مستقبل میں میٹا اسٹور کو مارکیٹ بنانے کا ارادہ ہے جہاں ڈویلپرز کپڑے بنا اور بیچ سکیں گے۔ ورچوئل ماحول میں خود کو الگ اور ممتاز ظاہر کرنے کے لیے ڈیجیٹل اشیاء بہت اہم ہیں‘۔

آئندہ ہفتے سے امریکہ، کینیڈا، تھائی لینڈ اور میکسیکو کے صارفین اپنے میٹا اوتار کے لیے ڈیجیٹل کپڑوں کی خریداری کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے انسٹاگرام کے لیے بھی اوتار ردِ عمل یعنی ری ایکشن کا فیچر پیش کردیا ہے۔

اس کے علاوہ میٹا کے انجینیئروں نے ایسی ٹیکنالوجی پر کام شروع کردیا ہے جو صارفین کی تصاویر کے قریب تر تھری ڈی کردار بناسکیں تاکہ ورچوئل ماحول میں بھرپور انداز میں خود کو پیش کرسکیں۔