کراچی: وکیل کی اہلیہ سمیت سسرالیوں پر فائرنگ کے بعد خودکشی

June 22, 2022

کراچی میں گھریلو تنازع پر وکیل نے سسرالیوں پر فائرنگ کردی۔ اہلیہ، سسر، ساس اور پھوپھی کو زخمی کرنے کے بعد اپنے آپ کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں منصور نامی وکیل نے اپنے سسرالیوں پر فائرنگ کردی جس سے اُس کی اہلیہ، سسر، ساس اور پھوپھی زخمی ہوگئیں، ملزم نے اپنے آپ کو بھی گولی مارلی اور بعد میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق منصور ایڈووکیٹ کی اہلیہ نے خلع حاصل کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔

اسی دوران خاندان کے بڑوں نے معاملے کے پُرامن حل کے لیے منصور کو بلوایا تاہم اُس نے گھر میں گھس کر گولیاں چلا دیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کے سسر نے اُس کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کروا رکھا تھا۔

پولیس نے جائے وقوع سے 30 بور پستول برآمد کرلیا جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔