کراچی میں آج بھی ہلکی بارش کا امکان

June 23, 2022

کراچی میں آج بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 30 جون سے مون سون کا نیا اسپیل تھرپارکر سے سندھ میں داخل ہونے کی پیش گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 2 یا 3 جولائی سے کراچی میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

گزشتہ شام شہر قائد میں طوفانی ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تھی، بارش کے بعد کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ انتظامیہ کی جانب سے نکاس کا کام جاری ہے۔

بارش کے باعث مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں سے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ خیبر پختونخوا میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔