نیوکلیئر ڈیل مذاکرات: یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیدار آج ایران پہنچیں گے

June 24, 2022

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بوریل ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان نیوکلیئر ڈیل کی بحالی پر بات چیت کے لیے آج تہران پہنچیں گے۔

یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا کہ جوزف بوریل 24 اور 25 جون کو ایران کا دورہ کریں گے۔

ان کے دورے کا مقصد جوائنٹ کومپری ہینسیو پلان آف ایکشن (جے سی پی او اے) کو دوبارہ نافذ کرنے کے لیے کوشش کرنا ہے۔

یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیدار ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر سے ملاقات کریں گے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ یورپی یونین عہدیدار سے ملاقات میں مشترکہ تعلقات، علاقائی و بین الاقوامی مسائل اور ایران سے مختلف پابندیاں اٹھانے کے لیے بات چیت کی جائے گی۔

2015 میں امریکا کی طرف سے ایران کے ساتھ جوہری معاملے پر معاہدہ کیا گیا تھا جسے ٹرمپ ایڈمنسٹریشن نے ختم کردیا تھا۔

اس معاہدے کو جوائنٹ کومپری ہینسیو پلان آف ایکشن کا نام دیا گیا تھا جس میں ایران اور 6 ممالک شامل تھے۔

معاہدے کے مطابق تہران نے عہد کیا تھا کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرے گا جس کے بدلے میں اس پر سے معاشی پابندیاں ختم کی جائیں گی۔