• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی کی رات امریکی نائب صدر نے فون کر کے بتایا پاکستان بھارت پر بہت بڑا حملہ کرے گا: بھارتی وزیرِ خارجہ

بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان اور بھارت کی حالیہ کشیدگی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کی رات امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو فون کر کے بتایا کہ پاکستان بھارت پر بہت بڑا حملہ کرے گا، اگر ہم نے کچھ باتیں تسلیم نہیں کیں۔

امریکی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے جے شنکر نے بتایا کہ 9 مئی کی رات جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو فون کیا تو اُس وقت میں اُس کمرے میں موجود تھا جہاں یہ بات ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان بھارت پر بہت بڑا حملہ کرے گا اگر ہم نے کچھ باتیں تسلیم نہیں کیں، اس پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عندیہ دیا کہ بھارت بھی جواب دے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے مسلسل جارحانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب آپریشن بنیان مرصوص سے دیا تھا،  پاکستانی مسلح افواج نے 26 بھارتی فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، براہموس میزائل ذخائر اور ایس 400 سسٹمز کو مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق  6 اور 10 مئی کی کارروائیاں آپریشن بنیان مرصوص کا حصہ تھیں، پاکستان نے بھارت کے ساتھ 22 اپریل سے 10مئی تک کے معرکے کو ’’معرکۂ حق‘‘ کا نام دیا۔

آئی ایس پی آر نے معرکہ حق 22 اپریل سے 10 مئی 2025 کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا تھا  کہ معرکۂ حق، بھارتی فوج کے بزدلانہ حملوں کے ردعمل میں کیا گیا، بھارت کی جانب سے حملے 6 اور 7 مئی 2025 کی شب شروع ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  10 مئی کی کارروائیاں آپریشن بنیان مرصوص کا حصہ تھیں، نشانہ بنائے گئے اہداف میں فضائیہ اور ایوی ایشن کے اڈے شامل تھے، سورت گڑھ، سرسہ، بھُج، نالیا، آدم پور، بھٹنڈہ، برنالہ، حلوارہ کو نقصان پہنچایا گیا، اونتی پورہ، سرینگر، جموں، ادھم پور، مامون، امبالہ اور پٹھان کوٹ کو شدید نقصان پہنچایا گیا، بیاس اورنگروٹہ میں موجود براہموس میزائل ذخیرہ گاہیں بھی تباہ کر دی گئیں، ان اڈوں سے پاکستان پر میزائل داغے گئے تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر سے متعلق امریکی صحافی نک رابرٹسن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی حملے کے بعد پاکستان نے بھارت پر نہ رکنے والے میزائلوں کی بارش کر دی، پاکستانی میزائل حملوں کے بعد بھارت مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور ہوا، پاکستان کے میزائل حملوں نے بھارت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید