فاروق ستار سیاست دان نہیں سیاسی دانشور ہیں، سعد رفیق

June 24, 2022

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے سینئر سیاست دان فاروق ستار کے حوالے سے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاست دان نہیں سیاسی دانشور ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

اس موقع پر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سعد رفیق میری والدہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے آئے، ان سے میری طویل سیاسی رفاقت ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ کل شہباز شریف نے بھی مجھے فون کرکے تعزیت کی تھی، سیاسی لوگ ملتے ہیں تو تھوڑی بہت سیاست پر بھی بات کی جاتی ہے، ملک مختلف بحرانوں سے دو چار ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے حوالے سے میثاق معیشت پر عمل ضروری ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فاروق ستار میرے بڑے بھائی کی طرح ہیں، پارلیمانی سیاست میں ان سے اختلاف بھی کیا اور اتفاق بھی کیا، جب اختلاف کے شعلے بلند تھے تب بھی ہم بات کرتے تھے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ دعا گو ہیں کہ فاروق ستار اور ان کے دوست ایک نکتے پر یکجا ہوجائیں، تاکہ کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کی آواز مزید مضبوط ہوسکے۔