کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ایک ہفتے سے سربراہ سے محروم، امور متاثر

June 25, 2022

کراچی(طاہر عزیز۔۔۔اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈایک ہفتے سے اپنے سربراہ سے محروم ہے ،ایم ڈی انجینئر فریدہ سلام 19 جون کو ریٹائرڈ ہو گئی تھیں جس کے بعد تا حال کسی افسر کو ایم ڈی یا ورلڈ بنک پروگرام کے مطابق سی ای او تعینات نہیں کیا جاسکا ہےیہ تاخیرجہاں حکومت سندھ کی فیصلہ سازی میں کمزوری کو ظاہر کرتی ہے وہیں اس نے ادارے میں انتظامی مسائل کو پیدا کرنا شروع کر دیا ہے،فریدہ سلام کو ایم ڈی لگانے سے پہلے واٹر بورڈ اور حکومت سندھ نے سپریم کورٹ کو انڈرٹیکنگ دی تھی کہ واٹربورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کے لئے پروسس جاری ہے اور ایک ماہ میں فیصلہ کر لیا جائے گا اور اس تک عدالت کے حکم کے تحت سینئر ترین افسر فریدہ سلام کو واٹر بورڈ کا ایم ڈی تعینات کر دیا گیا تھا جو تقریباًتین ماہ تعینات رہنے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئیں، ملک میں مون سون کا بھی آغاز ہوچکا ہے تاہم حکومت 7 یوم گزر جانے کے بعد بھی تاحال واٹر بورڈ کے سربراہ کا فیصلہ نہ کرسکی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ تزبذب کا شکار ہے کہ وہ سی ای او لگائے یا ایم ڈی،اہل اور اچھے افسران کی صوبے میں کمی نہیں ہے لیکن حکومت کوئی فیصلہ نہیں کر پا رہی ہے اورکو ئی قائمقام ایم ڈی بھی نہیں ہے، واٹر بورڈ کے سینئر افسران سمیت سیاسی اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا ہے ایم ڈی نہ ہونے کے باعث فائلوں پر دستخط نہیں ہو پا رہے بعض سینئر افسران سمیت عملہ اپنے دفاتر سے غائب رہتا ہے افسران کا کہنا تھا کہ کیا حکومت کوپہلے سے معلوم نہیں تھا کہ ایم ڈی ریٹائر ڈہو جائیں گی اور اس کے بعد کسی دوسرے فرد کو ذمہ داری جانا ہے لیکن اس وقت پورے شہر کو فراہمی و نکاسی آب کا واحد ذمہ دار اور11 ہزر ملازمین کا ادرہ بغیر کسی سربراہ کے چل رہا ہے۔